مصر: رفاہ کراسنگ کھولنے کا اعلان

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنیہ سرحد اُس وقت بند کی گئی تھی جب فلسطینی تنظیم حماس نے چار برس قبل غزہ کا کنٹرول سنبھالا تھا
وقت اشاعت

مصر نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کے ساتھ رفاہ کراسنگ کو مستقل طور پر کھولنا چاہتا ہے۔

مصر کے وزیرِ خارجہ نبیل الا عرابی کے مطابق سرحد کی بندش میں آنے والے چند دنوں میں نرمی کی جائے گی۔

انہوں نے سرحد کھولنے کے متعلق مصر کی گزشتہ حکومت کی کوششوں کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

واضح رہے کہ یہ سرحد اُس وقت بند کی گئی تھی جب فلسطینی تنظیم حماس نے چار برس قبل غزہ کا کنٹرول سنبھالا تھا۔

دوسری جانب اسرائیل کا کہنا ہےکہ غزہ میں ہتھیاروں کی سمگلنگ کو روکنا بہت ضروری ہے۔

مصر کی جانب سے کیے جانے والے اس اعلان کو ملک کی خارجہ پالیسی میں ایک اہم تبدیلی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کی حکومت نے غزہ میں حماس کے کنٹرول کی مخالفت کی تھی۔ اُس وقت کی مصری حکومت نے سرحد بند کرنے میں اسرائیل کی مدد کی تھی۔

عالمی ریڈ کراس نے سنہ دو ہزار دس میں غزہ کی بندش کو بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

قاہرہ میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار جوناتھن ہیڈ کا کہنا ہے کہ اگرچہ مصر کی موجودہ حکومت ایک عبوری حکومت ہے تاہم وہ مصر کی گزشتہ تین دہائیوں پر مشتمل خارجہ پالیسی میں اہم تبدیلی لانے کےاقدامات کر رہی ہے۔

اس سے پہلے مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کی حکومت نے اسرائیل کے ساتھ امن معاہرے کو برقرار رکھتے ہوئے حماس کی مخالفت کی تھی۔