ہنڈارس:جیل میں آتشزدگی، 272 قیدی ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
حکام کے مطابق لاطینی امریکہ کے ملک ہنڈارس میں ایک جیل میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم دو سو بہتّر قیدی ہلاک ہوگئے ہیں۔
وسطی ہنڈارس کے علاقے کومےگوا میں واقع جیل میں زیادہ تر ہلاکتیں کوٹھڑیوں میں قیدیوں کا دم گھٹنے اور جلنے سے ہوئی ہیں۔
آتشزدگی کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد بڑی تعداد میں قیدیوں کے اہلِخانہ جائے حادثہ پر جمع ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کچھ قیدیوں نے جان بچانے کے لیے جیل کی چھت سے چھلانگیں بھی لگائیں۔
یہ آگ منگل کو رات گئے لگی اور اس پر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پایا گیا۔ حکام اس بات کی تفتیش کر رہے ہیں کہ آیا بجلی کی فراہمی میں آنے والی خرابی آگ لگنے کی وجہ تو نہیں۔
ہلاک ہونے والے درجنوں قیدی اپنی کوٹھڑیوں میں پائے گئے اور ان لاشیں ناقابلِ شناخت ہو چکی تھیں۔
کومےگوا کے آگ بجھانے کے عملے کے ترجمان ہوزے گارسیا کا کہنا ہے کہ جیل میں ’جہنم‘ کا سا منظر تھا اور مضطرب قیدیوں نے شعلوں سے بچنے کے لیے ہنگامہ بھی کیا۔
ان کے مطابق ’ ہمارے پاس چابیاں نہیں تھیں اس لیے ہم انہیں باہر نہیں نکال سکے اور نہ ہی ان محافظین کو تلاش کر سکے جن کے پاس وہ چابیاں تھیں‘۔
آگ بجھانے والے عملے کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں فائرنگ کی وجہ سے جیل میں داخل ہونے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
کومےگوا کے فارینزک شعبے کی سربراہ لوسی مارڈار کا کہنا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ کم از کم 272 افراد مارے گئے ہیں۔
دارالحکومت ٹیگوسیگالپا کے شمال میں سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اس جیل میں آٹھ سو سے زیادہ افراد قید تھے اور حکام کو خدشہ ہے کہ افراتفری کا فائدہ اٹھا کر بہت سے قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
جیل میں قید ایک شخص کے بھائی آرلن گومیز نے ہنڈارن ریڈیو کو بتایا کہ ’مجھے اپنے بھائی کی تلاش ہے۔ ہم نہیں جانتے کہ اسے کیا ہوا اور وہ ہمیں اندر نہیں جانے دے رہے‘۔
مقامی ہسپتالوں میں ایسے درجنوں افراد کا علاج جاری ہے جو جلے ہوئے ہیں یا انہیں چوٹ آئی ہے۔ شدید زخمیوں کو دارالحکومت ٹیگوسیگالپا منتقل کیا گیا ہے جن میں تیس جلے ہوئے افراد بھی شامل ہیں۔
ہنڈارس کے ذرائع ابلاغ کے مطابق جیل میں آگ لگنے سے پہلے ہنگامہ آرائی بھی ہوئی تھی تاہم جیل خانہ جات کے محکمے کے سربراہ ڈینیئل اوریلانا نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے۔
انہوں نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے دو اندازے لگائے ہیں۔ ایک یہ کہ کسی قیدی نے اپنے گدے کو آگ لگائی اور دوسرا یہ کہ آگ شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں لگی‘۔
ہنڈارس جہاں قتل کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے، جیلوں میں اکثر گنجائش سے زیادہ افراد رکھے جاتے ہیں جن میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث گروہوں کے ارکان بھی شامل ہوتے ہیں۔



















