اناج کی ریکارڈ پیداوار،تحفے میں کیڈیلیک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ترکمانستان کے میڈیا کے مطابق ملک کے صدر نے اس علاقے کی حکومت کو کیڈیلیک گاڑی تحفے میں دی ہے جہاں اناج کی پیداوار سب سے زیادہ ہوئی ہے۔
ترکمانستان کے اخبار نیوٹرل ترکمانستان کے مطابق امریکی لگژری گاڑی کیڈیلیک ایسکلیڈ کا تحفہ لباپ صوبے کی حکومت کو دیا گیا ہے۔
صدر نے یہ انعام صوبہ لباپ کو ساڑھے تین لاکھ ٹن سے زیادہ اناج کی پیداوار کرنے پر دیا۔ یہ گاڑی سرکاری کاموں کے لیے استعمال کی جائے گی۔
نامہ نگاروں کے مطابق کیڈیلیک جیسی گاڑیاں ترکمانستان میں فروخت نہیں ہوتیں اور نہ ہی سرکاری افسران امریکی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں۔
ترکمانستان کے صدر سنہ دو ہزار سات سے ملک کے صدر ہیں اور ان کو ملک پر پورا کنٹرول حاصل ہے۔
وہ اپنے مہنگے تحائف کے حوالے سے بہت مشہور ہیں۔ سنہ دو ہزار دس میں بھی انہوں نے حکم دیا تھا کہ ریجنل اور ضلعی گورنروں کو مرسڈیز گاڑیاں دی جائیں۔
بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق صدر کو بھی غیر ملکی کاروباری شخصیات سے تحائف ملتے ہیں لیکن انہیں صوبائی حکام بھی قالینوں، گھوڑوں اور یہاں تک کہ اونٹ کے تحفے دیتے ہیں۔
ترکمانستان کے صدر یہ تمام تحائف مقامی میوزیم میں جمع کروا دیتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن جہاں صدر نادر تحائف حکام کو بخشتے ہیں وہاں کارکردگی ناقص ہونے پر حکام کی سرزنش بھی کی جاتی ہے۔



















