برطانیہ: فارنبرا ایئر شو سست روی کا شکار

دنیا میں جہازوں کی خرید و فروخت کے اعلانات میں سے بیس فیصد تک فارنبرا ایئر شو کے موقع پر کیے جاتے ہیں
،تصویر کا کیپشندنیا میں جہازوں کی خرید و فروخت کے اعلانات میں سے بیس فیصد تک فارنبرا ایئر شو کے موقع پر کیے جاتے ہیں
    • مصنف, طاہر عمران
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

برطانیہ میں فارنبرا کا علاقہ ہر سال ہوا بازی اور دفاع کے شعبے سے منسلک ہزاروں شائقین اور منتظمین کا میزبان بنتا ہے۔ یہاں ہونے والا ایئر شو ہوا بازی کی دنیا کا ایک بہت بڑا موقع فراہم کرتا ہے۔

معاشی بحران کے باوجود امریکہ کی فضائی کمپنی یونائیٹڈ کانٹیننٹل کی جانب سے چودہ اعشاریہ سات بلین ڈالر مالیت کے ایک سو پچاس بوئنگ 737 جہاز خریدنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس اعلان کے ساتھ بوئنگ نے دس ہزار سے زائد جہاز فروخت کر کے اسے دنیا کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والے طیارہ بنا دیا ہے۔

اس شو میں دلچسپی کے کئی چیزیں ہوتی ہیں جن میں جہازوں کے کرتب، فضائی مظاہرے اور مختلف طیارہ ساز کمپنیوں کے جانب سے ہونے والے نئے سودوں کے اعلانات بھی شامل ہوتے ہیں۔ دنیا کی تمام بڑی طیارہ ساز کمپنیاں اور کئی دوسرے طیارے، ہیلی کاپٹر اور جنگی جہاز بنانے والے بھی اس شو میں موجود ہوتے ہیں۔

اس سال بوئنگ اپنا نیا طیارہ بوئنگ 787 جسے ’ڈریم لا ئنر‘ بھی کہا جاتا ہے قطر ایئر ویز کے رنگ میں لایا۔ دوسری جانب یورپین طیارہ ساز کمپنی ایئربس اپنا سپر جمبو A380 ملائشیا ایئرلائن کے رنگوں میں لائی۔ دونوں طیاروں کا فضائی مظاہرہ دیکھنے کے لیے ہزاروں شائقین فارنبرا پہنچے جس کی لمحہ بہ لمحہ خبریں سوشل میڈیا کی ویب سائٹس پر نشر ہوتی رہیں۔

دنیا میں جہازوں کی خرید و فروخت کے اعلانات میں سے بیس فیصد تک فارنبرا ایئر شو کے موقع پر کیے جاتے ہیں۔

اس سال اقتصادی کساد بازاری اور مشرق وسطیٰ کی فضائی کمپنیوں کی جانب سے خریداری میں کمی نظر آتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ مختلف فضائی کمپنیاں گزشتہ کئی سالوں کی طرح اس سال جہازوں کی خریدو فروخت میں زیادہ گرم جوشی دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔

فضائی کمپنیاں پیسوں کے معاملے میں آج کل کافی تنگی کا شکار ہیں ان کی لیز کمپنیاں نسبتاً آسانی سے روپیہ فراہم کرسکتی ہیں۔اسی لیے اس خلاء کو کسی حد تک لیز کمپنیاں پورا کرتی نظر آ رہی ہیں۔

ہانگ کانگ کی فضائی کمپنی کیتھی پیسیفک نے ایئر بس کے سولہ نئے A350-1000 خریدنے کا اعلان کیا۔

اس کے علاوہ ایئر بالٹک نے کینیڈا کی طیارہ ساز کمپنی بمبارڈ سے اس کے بیس نئے جہاز CS-300 خریدنے کا اعلان کیا جبکہ ملائشیا کی فضائی کمپنی ایئر ایشیا نے سو CS-300 خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

امریکہ کی لیزنگ کمپنی ایئر لیز اور جیکاس نے پچھتر نئے بوئنگ 737 میکس جہازوں کی خرید کا فیصلہ کیا۔ اس خرید داری کی کل مالیت سات اعشاریہ دو بلین ڈالر ہے۔ اسی طرح ایک اور لیزنگ کمپنی نے پانچ نئے ایئر بس A-330 خریدنے کا اعلان کیا جس میں نیا لانگ رینج جہاز بھی شامل ہے۔ چین کی لیزنگ کمپنی نے بھی چھتیس نئے ایئربس A-320 خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

یورپین طیارہ ساز کمپنی ایئر بس نے اپنے ایک جہاز کے پروں پر ’شارکلٹ‘ لگا کر پیش کیا۔ ان شارکلٹس کی وجہ سے جہاز تین اعشاریہ پانچ فیصد کم ایندھن استعمال کرے گا جو کہ اس وقت فضائی کمپنیوں کے لیےسب سے بڑا مسئلہ ہے۔

عمومی طور پر بڑے خریدوفروخت کے اعلانات کی کمی کے باوجود چند کاروباری سرگرمیوں نے ہوابازی کے شعبہ سے وابسطہ لوگوں کو امید دلائی ہے کہ حالات بہتری کی طرف رواں دواں ہیں۔