نیپال: بس حادثے میں انتالیس زائرین ہلاک

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنبس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے: حکام
وقت اشاعت

نیپال میں حکام کے مطابق بس کے ایک حادثے میں کم از کم انتالیس زائرین ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق دارالحکومت کھٹمنڈو سے تقریباً ایک سو کلومیٹر دور پاراسی کے قریب زائرین کو لیجانے والی ایک بس پھسل کر نہر میں جا گری۔

حکام کا کہنا تھا کہ بس میں ہندو زائرین سوار تھے اور ان میں سے زیادہ تر کا تعلق بھارتی ریاست اتر پردیش سے تھا۔

بس زائرین کو ہندووں کے مذہبی مقام تروینی لے کر جا رہی تھی۔

پولیس کے ایک ترجمان گائن بکرم نے امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا کہ بارش کی وجہ سے ڈرائیور بس پر قابو نہیں رکھ سکا اور یہ پھسل کر نہر میں جا گری۔

ان کا کہنا تھا کہ بس میں گنجائش سے کافی زیادہ مسافر سوار تھے اور بس کی چھت پر بھی مسافر سوار تھے۔

نیپال میں سڑکوں کی خراب حالت کی وجہ سے ٹریفک حادثات معمول ہیں۔