ارجنٹینا میں گرمی کی لہر، 11 ہزار بجلی کے بغیر

ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں حکومت نے سرکاری ملازمین سے کہا ہے کہ وہ پیر کو دفتر نہ آئیں تاکہ بجلی بچائی جاسکے۔
ارجنٹینا میں گرمی کی لہر کے باعث بجلی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ بیونس آئرس میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ارجنٹینا میں 40 سال بعد اتنی زیادہ گرمی پڑ رہی ہے۔
بیونس آئرس کے چند علاقوں میں پچھلے دو ہفتوں سے بجلی نہیں ہے۔ ارجنٹینا میں بجلی کا نظام بہت پرانا ہے اور بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث یہ نظام متاثر ہوا ہے۔
بیونس آئرس میں سرکاری ملازمین سے پیر کو دفتر نہ آنے کے احکامات دیے گئے، دوسری جانب بیونس آئرس صوبے میں سرکاری ملازمین کو سہ پہر ہی کو چھٹی کرنے کا کہہ دیا گیا۔
گرمی سے بچنے کے لیے لوگوں نے پنکھوں اور ایئر کنڈیشنروں کا استعمال کیا جس کے باعث اتوار کی رات کو بجلی کی طلب نے ملک کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔
ایک اندازے کے مطابق بیونس آئرس میں ہفتے اور اتوار کے روز 11 ہزار افراد بجلی کے بغیر تھے۔
بیونس آئرس کے چند مقامات پر لوگ بجلی کے بحران کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور مطالبہ کیا کہ بجلی کو جلد بحال کیا جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















