چمڑے کے جوتوں کی شوقین لومڑی

،تصویر کا ذریعہ
برطانوی شہر لیڈز میں ایک لومڑی روزانہ لوگوں کے گھروں سے چمڑے کے جوتے چرا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لومڑی روزانہ مختلف گھروں سے ایک ایک جوتا چرا کر اسے ہورس فورتھ نامی علاقے کے ایک گھر کے باہر چھوڑ جاتی ہے۔
گھر کی مالکن مس ہیوئٹ نے جب یہ عالم دیکھا تو انھوں نے وہاں جوتے رکھنے کی الماری رکھ دی جہاں اب ان کے ہمسائے اور آس پاس رہنے والے لوگ اپنے چوری شدہ جوتے واپس لینے کے لیے آتے ہیں۔
مس ہیوئٹ کاکہنا ہے کہ ان کو پہلی بار اس شرارت کا تب پتہ چلا جب انھوں نے کچھ ماہ قبل اپنے گھر کے پچھلے حصے میں واقع باغیچے میں ایک اکیلا جوتا پڑا ہوا دیکھا۔ مس ہیوئٹ کو پہلا خیال یہ آیا کہ یہ شاید بے کار جوتا ہے جسے کوئی یہاں پھینک گیا ہے۔ لیکن بعد میں جب جوتوں کی تعداد میں باقاعدگی سے اضافہ ہونے لگا تو ان کا ماتھا ٹھنکا۔

،تصویر کا ذریعہ
کچھ دن بعد مس ہیوئٹ کو لوگوں کے فون آنے لگے جن میں لوگ کہہ رہے تھے کہ ان کے گھر کے باہر رکھے ہوئے جوتے ان کےغائب ہونے والے جوتوں سے ملتے جلتے ہیں۔ جس پر مس ہیوئٹ نے ان کو جوتے لے جانے کا کہا اور ساری کہانی بیان کی۔
اب عالم یہ ہے کہ لومڑی روزانہ ان کے گھر کے باہر ایک جوتا چھوڑ کر جا رہی ہے۔ مس ہیوئٹ نے خود لومڑی کو جوتا لاتے اور رکھتے ہوئے دیکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لومڑی کو صرف چمڑے کے جوتے پسند ہیں اور وہ جب جوتا لاتی ہے تو اس جوتے کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچتا اور لومڑی صرف چمڑے کے جوتے چوری کرنے کا شوق رکھتی ہے۔
مس ہیوئٹ کے مطابق لومڑی کے پانچ بچے ہیں اور انھیں امید ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسی شرارتیں کرنے سے باز رکھے گی۔















