فلم کے سیٹ پر ہیرسن فورڈ کا ’ٹخنہ ٹوٹ گیا‘

،تصویر کا ذریعہAP
امریکی اداکار ہیرسن فورڈ برطانیہ میں ہالی وڈ کی فلم سٹار وارز کی تازہ ترین قسط کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر زخمی ہوگئے ہیں۔
بی بی سی کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق 71 سالہ فورڈ کے اوپر پائن وڈ سٹوڈیوز میں ایک دروازہ گرنے سے ان کا ٹخنہ ٹوٹ گیا ہے۔
ہیرسن فورڈ نے پہلی تین سٹار وارز فلموں میں ہان سولو کا کردار ادا کیا تھا اور حال ہی میں وہ ’نیو ایپی سوڈ سیون‘ نامی قسط کی تیاری میں مصروف تھے۔ انھیں آکسفرڈ کے جان ریڈکلف ہسپتال میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے لے جایا گیا۔
فلم کی پیش کار کمپنی لوکاس فلمز کا کہنا ہے کہ ہیرسن فورڈ کی صحت یابی کے عمل کے دوران فلم کی عکس بندی جاری رہے گی۔
کمپنی کے ترجمان نے جمعرات کی شب اعلان کیا کہ ’ہیرسن فورڈ کے ٹھیک ہونے کے دوران شوٹنگ منصوبے کے پلان کے مطابق چلتی رہے گی۔‘
لندن میں ٹیمز ویلی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ان کے افسران کو شام پانچ بجے کے بعد بلایا گیا اور بتایا گیا کہ اداکار کے پاؤں پر گیراج کا دروازہ گر گیا تھا۔
ہیرسن فورڈ کے ساتھ اس فلم میں سٹار وارز کی ابتدائی سیریز کے اداکار مارک ہیمل، پیٹر مے ہیو اور اداکارہ کیری فشر بھی کام کر رہے ہیں۔
پہلی بار سٹار وارز فلم کی تین قسطیں پیش کی گئی تھیں۔ اس بار بھی تین فلمیں بنائی جائیں گی اور ’نیو ایپیسوڈ سیون‘ ان میں سے پہلی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس بار اصل فلمیں کے اداکاروں کے ہمراہ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ لوپیتا نیونگ، جان بوئیگا اور ڈیزی ریڈلی بھی شامل ہیں۔



















