24 یورپین بینکوں کی ’مالی صحت‘ خراب

،تصویر کا ذریعہReuters
یورپین بینکنگ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ بینکوں کی مالی حالت کے بارے میں کرائے گئے ایک جائزے میں یورپ کے 24 بینک فیل ہو گئے ہیں۔
مالی حالت کے بارے میں ٹیسٹ میں فیل ہونے والے بینکوں کو اپنی مالی پوزیشن نو مہینوں میں بہتر کرنا ہو گی وگرنہ ان کو اپنا کاروبار معطل کرنا پڑسکتا ہے۔
فیل ہونے والے بینکوں میں نو اطالوی، تین یونانی اور تین قبرص کے بینک شامل ہیں۔
یورپین بینکنگ اتھارٹی نے یورپ کے 123 بینکوں کی مالی صحت کے بارے میں ٹیسٹ کرایا تھا تاکہ یہ اندازہ کیا جا سکے کہ کیا یہ بینک کسی مالی بحران کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں یا نہیں۔
یہ جائزہ سنہ دو ہزار تین کے اختتام پر ان بینکوں کی مالی صحت کے بارے میں دستیاب اعداد و شمار کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔
اس دوران دس بینکوں نے اپنی مالی صحت کو کسی حد تک بہتر کر لیا ہے۔
بی بی سی عالمی سروس کے معاشی امور کے نامہ نگار اینڈریو والکر کا کہنا ہے کہ یورو زون کے مالی بحران میں سب سے زیادہ تشویشناک بات بینکوں کی مالی حالت تھی۔
اس جائزے میں چار برطانوی بینک، رائل بینک آف سکاٹ لینڈ، ایچ ایس بی سی، لائڈز بینکنگ گروپ اور بارکلیز بھی شامل کیے گئے تھے۔ یہ چاروں بینک اس جائزے میں کامیاب قرار دیے گئے لیکن لائڈز بہت کم فرق سے اس ٹیسٹ پر پورا اترا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے ساتھ ہی یورپین سینٹرل بینک نے بھی ایک سو تیس بینکوں کا علیحدہ سے جائزہ لیا۔ یورپین سینٹرل بینک نے کہا کہ 25 بینک اس جائزہ میں فیل ہوگئے لیکن ان میں سے 12 ایسے ہیں جنہوں نے اپنی مالی حالت کو بہتر کر لیا ہے۔



















