’آپ جیسے آئرش افراد کو نوکری نہیں دیتے‘

26 سالہ کیٹی نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کو ای میل پڑھ کر پہلے تو یقین ہی نہیں آیا
،تصویر کا کیپشن26 سالہ کیٹی نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کو ای میل پڑھ کر پہلے تو یقین ہی نہیں آیا
وقت اشاعت

آئرلینڈ کی ایک سکول ٹیچر نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں نوکری کی درخواست دی لیکن ان کو آئرلینڈ کے لوگوں کی ’شراب نوشی کی عادت‘ کے باعث مسترد کر دیا گیا۔

کیٹی ملرینن کو ایجنسی نے بتایا کہ سکول آئر لینڈ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو نوکری نہیں دیا کرتا۔

26 سالہ کیٹی نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کو پہلے تو ای میل پڑھ کر یقین ہی نہیں آیا۔

’جب آپ نوکری کے لیے درخواست دیتے ہیں تو عام طور پر انھوں نے اگر نوکری نہیں دینی تو وہ جواب ہی نہیں دیتے۔ یا پھر لہجے کی بنیاد پر کسی خاص خطے کے لوگوں کو فوقیت دیتے ہیں۔ لیکن یہ تو پہلی بار ہو رہا ہے۔ ای میل نہایت مختصر ہے۔ پہلے تو میں ای میل پڑھ کر ہنس دی۔ لیکن بعد میں میرا دل چاہا کہ میں ایک غصے والا جواب لکھوں۔‘

کیٹی نے ستمبر میں اشتہار دیکھ کر اس نوکری کے لیے درخواست دی۔ انھوں نے اشتہار دینے والی ایجنسی کو بتایا کہ وہ تین سال سے بارسلونا، اوکسفرڈ، ابو ظہبی اور جنوبی کوریا میں انگریزی پڑھا رہی ہیں۔

پچھلے ہفتے مجھے ای میل آئی ہے جس میں لکھا تھا: ’معذرت کے ساتھ آپ کو مطلع کیا جا رہا ہے کہ سکول شراب نوشی کی عادت کے باعث آپ جیسے آئرش افراد کو نوکری نہیں دیتا۔‘

کیٹی کو اب نوکری مل گئی ہے اور وہ اس ای میل پر ہنستی ہیں۔