لفٹوں میں بیت الخلا اور پینے کا پانی

،تصویر کا ذریعہAFP
جاپانی حکومت میں زلزلوں کے بعد عمارتوں میں ممکنہ طور پر پھنس جانے والے لوگوں کے لیے لفٹوں میں ایمرجنسی بیت الخلا اور پینے کے پانی کی سہولیات مہیا کرنے پر غور کر رہی ہے۔
جاپانی خبر رساں ادارے کیوڈو کے مطابق جاپان کی وزارتِ تعمیرات کے اہلکاروں نے صنعتی نمائندوں سے ملاقات کے دوران گذشتہ سنیچر کو آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کے تناظر میں ممکنہ تجویز پر بات چیت کی۔
ان تجاویز میں سے ایک لفٹوں میں پورٹ ایبل بیت الخلا نصب کرنا ہے جنھیں پانی سے محفوظ بیگ اور آسانی کے ساتھ ہٹانے والے مواد کے ساتھ بنایا جا سکتا ہے۔ سنیچر کو آنے والے زلزلے کے بعد دارالحکومت ٹوکیو میں تقریباً 20 ہزار لفٹیں بند ہو گئی تھیں۔ اس دوران ایک شخص تقریباً ایک گھنٹے تک لفٹ میں پھنسا رہا۔
سنہ 2011 میں جاپان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد کچھ افراد لفٹوں میں تقریباً نو گھنٹوں تک پھنسے رہے تھے۔
جاپان میں زلزلے آتے رہتے ہیں۔ تاہم زلزلوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والی دہائیوں میں دارالحکومت ٹوکیو کا شدید زلزلے کی زد میں آنے کا خدشہ ہے۔
ان کے خیال میں یہ ’بہت بڑا زلزلہ‘ ہو سکتا ہے اور سرکاری اندازوں کے مطابق اگر اتنا بڑا زلزلہ آیا تو اس میں 17 ہزار سے زائد افراد کا لفٹوں میں پھنسنے کا خدشہ ہے۔















