یونان میں چھٹیاں؟ چند باتیں ذہن میں رکھیں

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سال دس لاکھ سے زیادہ برطانوی گرمیوں کی چھٹیاں منانے کے لیے یونان کا رخ کریں گے اور جوں جوں یونان کا بحران بڑھتا جائے گا ان کی پریشانی میں بھی قدرتی طور پر اضافہ ہو گا کہ اس کا ان پر کیا اثر پڑ سکتا ہے۔
یونان کے بینک بند ہیں اور یونانیوں پر اے ٹی ایم سے پیسہ نکالنے کی حد مقرر رہے۔ لیکن دوسرے ممالک سے آنے والے سیاحوں کے کریڈٹ اور بینک کارڈ اے ٹی ایم مشینوں پر آزادانہ استعمال کیے جا سکتے ہیں بشرطیکہ ان مشینوں میں پیسہ موجود ہو اور قطاریں بہت لمبی نہ ہوں۔
پیش ہے بی بی سی ٹریول کے ماہرین کے چند مشورے:
مجھے کتنا نقدی ساتھ لانی چاہیے؟
دفترِ خارجہ کے مطابق چونکہ یونان کے بینک بند ہیں، سیاحوں کو چاہیے کہ وہ اتنے یورو نقدی کی صورت میں ضرور لے جائیں جن سے ان کی چھٹیاں گزر سکیں اور جو غیر متوقع حالات اور تاخیر کے دوران کام آ سکیں۔
آپ کو چوری سے بچنے کے لیے بھی ضروری حفاظتی انتظامات کرنے چاہییں۔ ابھی ایسی کوئی پابندی نہیں کہ آپ استعمال نہ ہونے والے یورو واپس نہیں لے جا سکتے۔
پوسٹ آفس ٹریول منی کے اینڈریو نے کہا ہے کہ دو ہفتوں کی چھٹیوں میں اوسطاً ایک جوڑے کے کھانے، مقامی سفر اور کافی پر تقریباً 500 پاؤنڈ خرچ آتا ہے جبکہ خاندان کے لیے یہ خرچ 700 پاؤنڈ تک چلا جاتا ہے۔
اس میں قیام شامل نہیں اور مشورہ یہی ہے کہ پہلے اپنے ہوٹل، بکنگ کمپنی یا کرائے کے مالک سے رابطہ کر لیا جائے تاکہ یہ پتہ چل جائے کہ پہلے ہی اسے پاؤنڈ کی شکل میں ادائیگی کی جا سکتی یا نہیں۔
کیا ٹریول انشورنس اس رقم کو کور کرتی ہے؟
انشورنس گروپ آویوا نے یونان جانے والے مسافروں کے چوری ہونے والے پیسوں پر ٹریول انشورنس کے کور کو دوگنا کر دیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نقدی گم جانے کا کور ایک بالغ کے لیے 300 سے بڑھا کر 600 پاؤنڈ کر دیا گیا ہے، سو اب انشورنس کی وجہ سے ایک جوڑے کے 1200 پاؤنڈ محفوظ ہوں گے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
گروپ کا کہنا ہے کہ وہ چاہتا ہے کہ یونان جانے والے ان کے گاہک پرامید ہو کر جائیں کہ اگر ان کا پیسہ چوری ہو جاتا ہے یا کھو جاتا ہے تو ان کو پریشانی کی کوئی ضرورت نہیں۔
دوسرے انشورنس گروپوں نے بھی ایسا ہی کیا ہے لیکن ساتھ ساتھ یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ سیاحوں کو چاہیے کہ وہ اپنی نقدی کی حفاظت کریں۔
کیا میں دکانوں اور ریستورانوں میں کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ استعمال کر سکتا ہوں؟
یونانی بینکوں کی طرف سے اے ٹی ایم مشینوں سے کیش نکالنے کی حد کا اطلاق سیاحوں پر نہیں ہوتا لیکن اس بات پر تشویش ضرور ہے کہ وہ مشینیں شاید خالی ہوں۔
ماسٹر کارڈ، ویزا کارڈ جیسے سبھی کارڈ قبول کیے جا رہے ہیں اور وہ نارمل طریقے سے کام کرتے رہیں گے۔
چھوٹی دکانوں اور ریستورانوں کا تجربہ بتاتا ہے کہ وہ کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ لینے میں تامل محسوس کرتے ہیں اور گاہکوں کو کیش کے لیے کہتے ہیں۔ شاید اس لیے کہ انھیں اپنے ہی اکاؤنٹوں سے کیش حاصل کرنے میں مشکلات پیش آتی ہوں گی۔
کار کرائے پر کیسے لیں گے؟
اس طرح کی خبریں ہیں کہ کار رینٹل والے واؤچروں کی بجائے کیش مانگ رہے ہیں، اگرچہ اس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
یہ بہتر ہے کہ پہلے اسے چیک کر لیا جائے۔
کیا اے ٹی ایمز میں کیش ہو گا؟
اس کا تعلق اس بات سے ہے کہ آپ کہاں ہیں لیکن یہ یقیناً خطرے سے خالی نہیں۔ ایک عمومی اصول کے تحت خشکی والے حصوں کی نسبت یونانی جزیروں پر اس بات کے زیادہ امکانات ہیں کہ وہاں کیش ختم ہو جائے۔
کیا میں پیشگی ادا کی جانے والے کرنسی کارڈ یا ٹریولرز چیکس کو استعمال کر سکتا/سکتی ہوں؟

،تصویر کا ذریعہAFP
کرنسی کارڈوں میں غیر ملکی کرنسی لوڈ کی جا سکتی ہے اور انھیں دکانوں اور اے ٹی ایم مشینوں پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہاں بھی ہو سکتا ہے کہ چھوٹی دکانیں انھیں لینے میں تامل کا مظاہرہ کریں، اگرچہ وہ بالکل ٹھیک کام کر رہے ہیں۔
ٹریولرز چیک زیادہ جگہوں پر قبول نہیں کیے جاتے اس لیے یہ مناسب نہیں ہے کہ ان پر زیادہ انحصار کیا جائے۔
اگر یونان یورو زون سے نکل جاتا ہے تو یورو وہاں کب تک قابل استعمال رہیں گے؟
پوسٹ آفس ٹریول منی کے اینڈریو براؤن کہتے ہیں کہ اگر یونان یورو زون سے نکل بھی جائے تو چھٹیاں گزارنے والوں کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یونانی ڈریکما کو دوبارہ متعارف کرانے میں 18 ماہ تک لگ سکتے ہیں اور اس وقت تک یورو ہی کرنسی رہے گی۔



















