چلی میں شدید زلزلے کے بعد سونامی وارننگ، دس لاکھ افراد کا انخلا

 زلزلےکی گہرائی دس کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے بعد متعدد جھٹکے محسوس کیے گئے
،تصویر کا کیپشن زلزلےکی گہرائی دس کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے بعد متعدد جھٹکے محسوس کیے گئے
وقت اشاعت

چلی کی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کے مرکز میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

چلی کے حکام نے ساحلی علاقوں میں رہنے والے دس لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق شام سات بج کر 54 منٹ پر آنے والے اس زلزلے کی ریکٹر سکیل پر شدت 8.3 تھی جبکہ اس کا مرکز دارالحکومت سے 232 کلومیٹر دور تھا۔

زلزلے کے نتیجے میں تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ زلزلےکی گہرائی دس کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے بعد متعدد ذیلی جھٹکے محسوس کیے گئے۔

بحرالکاہل سونامی کے تنبیہی مرکز کا کہنا ہے کہ اس زلزلے کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر سونامی کی لہروں کا خطرہ ہے۔ بحرالکاہل میں سونامی کی لہریں معمول کی لہروں سے تین میٹر بلند تھیں۔

چلی کے بعض ساحلی میں سونامی کی وارننگ کی وجہ سے خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ مقامی ٹی وی دکھائے جانے والے مناظر میں پانی قصبوں میں آ گیا ہے۔ چلی کے صدر نے ٹی وی پر عوام سے خطاب میں کہا ہے کہ ساحلی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے افراد بلند مقام پر رہیں۔

چلی میں حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے سبب سمندر میں 15 فٹ بلند لہریں بلند ہوئی ہیں۔

ادھر پیرو اور ہوائی میں بھی سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ ارجنٹائن کے چند علاقوں میں بھی زلزلے کی شدت کو محسوس کیا گیا۔

چلی کا شمار دنیا کے اُن علاقوں میں ہوتا ہے جہاں سب سے زیادہ زلزلے آتے ہیں۔

فروری سنہ 2010 میں چلی میں 8.8 شدت کے زلزلے میں 500 افراد ہلاک ہوئے تھے۔