آسٹریلیا: ’دولت اسلامیہ‘ کو رقم بھیجنے کے الزام میں دو گرفتار

،تصویر کا ذریعہScott Barbour Getty Images
آسٹریلیا میں ایک 16 سالہ لڑکی اور ایک 20 سالہ مرد کو شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کو رقوم بھیجنے کا الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ان دونوں افراد پر دہشت گردوں کو مالی تعاون فراہم کرنے کا مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے جس کی زیادہ سے زیادہ سزا 25 سال قید ہے۔
گرفتار کیے گئے شخص کو اس سے قبل ستمبر 2014 میں آسٹریلیا میں انسداد دہشت کی سب سے بڑی کارروائی کے دوران بھی حراست میں لیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار کیے جانے والے ان افراد میں سے یہ 14واں اور آخری شخص ہے جو عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس ڈپٹی کمشنر کیتھرین برن نے لڑکی کی عمر کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔
انھوں نے سڈنی میں صحافیوں کو بتایا: ’میں نے پہلے کہا تھا کہ یہ پریشان کن ہے کہ ہمیں اس ماحول میں نوجوان بچوں کے ساتھ پیش آنا پڑ رہا ہے۔ اور آج ہونے والی گرفتاری سے اس میں تبدیلی نہیں ہوئی۔‘
خیال رہے کہ آسٹریلین حکومت کے اندازے کے مطابق ایک سو کے قریب آسٹریلین شہری شام اور عراق میں شدت پسند گروہوں میں شامل ہیں اور وہ ملک سے انھیں مالی امداد بھیجنے والوں کے بارے میں فکر مند ہے۔















