مستقبل کے وزرائے اعظم سے ٹیکس معلومات ظاہر کرنے کی امید

،تصویر کا ذریعہEPA
برطانوی ایوانِ وزیرِ اعظم ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ’ممکنہ وزرائے اعظم‘ کی جانب سے اپنی ٹیکس معلومات شائع کرنے کی توقع کی جانی چاہیے۔
اِس حوالے سے برطانیہ کی تمام سیاسی جماعتوں کے اہم اور سینیئر رہنماؤں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ کا کہنا ہے کہ جو لوگ برطانیہ کی قیادت کرنا چاہتے ہیں، ان پر فرض عائد ہوتا ہے کہ اُن کی زندگی عوام کے سامنے کھلی کتاب ہو۔
برطانوی وزیر خزانہ اور کنزرویٹو پارٹی کے رہنما جارج اوسبورن آنے والے دنوں میں اپنی ذاتی تفصیلات جاری کرنے پر غور کر رہے ہیں، جبکہ لندن کے میئر بورس جانسن کا کہنا ہے کہ وہ ایسا کر کے ’خوشی محسوس‘ کریں گے۔
ڈیوڈ کیمرون اراکینِ پارلیمان کو بتائیں گے کہ وہ کمپنیوں کے خلاف مجرمانہ کارروائی چاہتے ہیں۔
اتوار کو برطانوی وزیراعظم کی سنہ 2009 سے لے کر 2015 تک کی آمدن اور ٹیکس کی معلومات جاری کر دی گئی ہیں، جس کا مقصد پاناما پیپرز میں اُن کے آنجہانی والد کی آف شور کمپنیوں میں سرمایہ کاری سے متعلق معلومات سامنے آنے پر عوامی غصے کو ٹھنڈا کرنا ہے۔

ٹیکس ریٹرن کی تفصیلات کیمرون کی جانب سے جاری کی گئیں، جن کے مطابق اُنھوں نے سنہ 2001 میں اپنی والدہ میری سے دو لاکھ برطانوی پاؤنڈ اور ایک سال بعد اپنے والد کی وراثت سے تین لاکھ برطانوی پاؤنڈ حاصل کیے۔
ایوانِ وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ یہ وزرا اور اراکین پارلیمان کا انفرادی معاملہ ہے کہ وہ اِس بات کا فیصلہ کریں کہ وہ ٹیکس کے حوالے سے ذاتی معلومات شائع کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم خاتون ترجمان نے تجویز دی ہے کہ چانسلر اور شیڈو چانسلر کی خصوصی ذمہ داری ہے کہ وہ شفافیت کا مظاہرہ کریں، کیونکہ وہ قوم کے مالی معاملات کے ذمہ دار ہیں، اور یہ ذمہ داری ’ممکنہ وزرائے اعظم‘ پر بھی لاگو ہوتی ہے۔
اگلے انتخابات سے قبل ڈیوڈ کیمرون عہدے سے الگ ہو جائیں گے اور مسٹر اوسبورن اور مسٹر جانسن اُن کی جگہ لینے والوں میں شامل ہوں گے۔
بی بی سی کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایڈیٹر نارمن سمتھ کا کہنا ہے کہ اگرچہ ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے، تاہم یہ واضح ہے کہ مسٹر اوسبورن کی جانب سے آنے والے چند روز کے دوران اپنی معلومات جاری کرنے کا ’غالب امکان‘ ہے۔
ایوانِ وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ یہ وزرا اور اراکین پارلیمان کا انفرادی معاملہ ہے کہ وہ اِس بات کا فیصلہ کریں کہ وہ ٹیکس کے حوالے سے ذاتی معلومات شائع کرنا چاہتے ہیں یا نہیں



















