پولیس کو ایف بی آئی ایجنٹ کےخلاف چالان پیش کرنے کا حکم

ایف بی آئی ایجنٹ جوئل کوکس کو پیر کے روز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نائن ایم ایم پستول کی پندرہ سے زائد گولیاں سمیت گرفتار کیا تھا
،تصویر کا کیپشنایف بی آئی ایجنٹ جوئل کوکس کو پیر کے روز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نائن ایم ایم پستول کی پندرہ سے زائد گولیاں سمیت گرفتار کیا تھا
وقت اشاعت

صوبہ سندھ کے شہر کراچی کی مقامی عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ انیس مئی کو امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ایجنٹ جوئل کوکس کے خلاف چالان پیش کیا جائے۔

جوئل کوکس کو پیر کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نائن ایم ایم پستول کی پندرہ سے زائد گولیاں سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔

ایف بی آئی ایجنٹ کے مقدمے کی سماعت میں ایئر پورٹ پولیس نے ریمانڈ رپورٹ پیش کی۔

پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ چالان پیش کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے کیونکہ تحقیقات جاری ہیں اور پولیس فورنزک رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے۔

اس پر عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ انیس مئی کو چالان پیش کرے۔

سماعت کے دوران ایف بی آئی ایجنٹ جوئل کوکس بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ جمعرات کو عدالت نے امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ایجنٹ جوئل کوکس کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل جوئل کوکس کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے انھیں چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

امریکی اہلکار کو جمعرات کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں پیش کیا گیا تو ان کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے موکل کسی مجرمانہ کارروائی میں ملوث نہیں رہے اور ان سے صرف میگزین اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں خودکار ہتھیار نہیں۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر میں شامل دفعات قابل ضمانت ہیں، لہٰذا ان کے موکل کی ضمانت منظور کی جائے اور وہ مقدمے کا سامنا کریں گے۔