امریکہ کی اسلام آباد میں مقیم اپنے شہریوں کو تنبیہ

،تصویر کا ذریعہAFP
امریکی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو مبینہ خطرے کے پیش نظر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کے ایک فائیو سٹار ہوٹل اور اسں کے ارد گرد کے علاقوں سے دور رہنے کے لیے کہا ہے۔
پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سفارتخانے کو اسلام آباد میں میریٹ ہوٹل پر حملے کے معمولی لیکن غیر مصدقہ خطرے کے بارے میں معلوم ہوا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’امریکی شہریوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں کے دوران ان علاقوں سے دور رہیں جب تک کے صورتحال کا جائزہ نہیں لے لیا جاتا۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں اسلام آباد میں قانون نافد کرنے والے اداروں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے علاوہ جڑواں شہر راولپنڈی میں واقع فائیو سٹار ہوٹل میں بم کی مبینہ اطلاعات کے بعد دونوں شہروں کی ناکہ بندی کر دی تھی۔
مقامی پولیس کے مطابق اُنھیں وزارت داخلہ کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ اُنھیں ایک گمنام ٹیلی فون کے ذریعے بتایا گیا کہ مذکورہ عمارتوں میں دھماکہ خیز مواد رکھا گیا ہے جو کچھ کے دیر کے بعد پھٹ جائےگا۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
تاہم ان اطلاعات کے بعد پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے دونوں شہروں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے تین گھنٹوں سے زائد وقت تک ان عمارتوں کی تلاشی لینے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس اور راولپنڈی کے ہوٹل کو کلیئر قرار دے دیا تھا۔
امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والے اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’امریکی شہریوں کو یہ یاد دلایا جاتا ہے کہ پاکستان کے لیے سفری وارننگ رواں سال سات اپریل کو جاری کی گئی تھی۔‘
رات گئے جاری ہونے والے اس بیان میں امریکی شہریوں سے پاکستان کا غیر ضروری سفر ملتوی کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان میں موجود امریکی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ملک میں اپنی نقل و حمل کے بارے میں اپنے کسی قریبی دوست کو آگاہ رکھیں۔ پرہجوم مقامات سے دور رہیں۔ سرکاری طور پر آنے والے اور دیگر امریکیوں کو پاکستان میں پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے اور ہوٹلوں میں رات گزارنے سے بھی روکا گیا ہے۔



















