مشفیق الرحیم ہیلمٹ پر گیند لگنے کے بعد ہسپتال منتقل

،تصویر کا ذریعہAFP
نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری دن بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم کو سر پر گیند لگنے کے باعث ہسپتال لے جانا پڑا۔
اٹھائیس سالہ مشفق الرحیم بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں 13 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے جب ٹم ساؤتھی کی ایک تیز رفتار گیند ان کے ہیلمٹ سے جا لگی جس کے بعد مشفق الرحیم گھٹنوں کے بل زمین پر گر گئے۔
اس واقع کے فوراً بعد ان کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا ایکسرے کیا گیا۔
بعد میں بنگلادیشی ٹیم کے ترجمان نے بتایا کہ مشفیق الرحیم بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
مشفق الرحیم نے اپنے ساتھیوں کو بھی بتایا کہ وہ بہتر ہیں اور ان کو یا ان کے گھر والوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں مشفق الرحیم نے 159 رنز بنائے تھے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے آخری دن شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پہلی اننگز میں 595 رنز بنانے کے بعد بھی بنگلہ دیش کا ہار جانا ایک ریکارڈ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بنگلہ دیش نے جب اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کی تو شاید اس نے یہ نہیں سوچا ہوگا کہ وہ اتنا بڑا سکور کرنے کے بعد بھی یہ میچ ہار جائے گا اور اس طرح ایک منفی ریکارڈ اس کے نام ہو جائے گا۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق 122 سال پہلے 1894 میں آسٹریلیا کی ٹیم سڈنی میں انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 586 رنز بنانے کے بعد بھی میچ ہار گئی تھی۔
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم میچ کے پانچویں اور آخری روز اپنی دوسری اننگز میں 160 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 57 اوورز میں 217 رنز کا ہدف ملا۔
نیوزی لینڈ نے جواب میں کپتان ولیمسن کی جارحانہ سنچری کی بدولت 40 ویں اوور میں ہی یہ ہدف حاصل کر لیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images
ٹام لیتھم کو پہلی اننگز میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کے لیے مین آف دا میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
سیریز میں نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے پھر ٹی ٹوئنٹی میں وائٹ واش کامیابی حاصل کی اور دو ٹیسٹ میچ کی سیریز میں پہلا میچ جیت کر ناقابل تسخیر سبقت حاصل کر لی ہے۔




















