جب بیٹ ہاتھ سے نکل کر وکٹ کیپر کے منہ پر جا لگا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی بگ بیش لیگ میں میلبرن رینیگیڈز کے وکٹ کیپر پیٹر نیول چہرے پر بیٹ سے چوٹ لگنے کے سبب ٹورنامنٹ میں مزید میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
انھیں یہ چوٹ ایڈیلیڈ سٹرائکرز کے خلاف میچ کے دوران لگی۔ بہر حال اس میچ میں ان کی ٹیم جیت گئی۔
آسٹریلین ٹیم کے کھلاڑی پیٹر نیول کو یہ چوٹ 18 ویں اوور میں اس وقت لگی جب سٹرائکرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف کا تعاقب کر رہی تھی اور وکٹ کیپر دوسری طرف دیکھ رہے تھے۔
بیٹ بریڈ ہوج کے ہاتھوں سے پھسل گیا اور اڑتا ہوا نیول پر آ پڑا اور بیٹ کے ہینڈل سے ان کے گال کی ہڈی پر چوٹ آئی۔
ہسپتال میں ہونے والی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ 31 سالہ نیول کے گال میں خون کی نسیں پھٹ گئی ہیں۔
ایک ہفتے میں یہ دوسری بار ہے جب نیول کو چوٹ کے سبب فیلڈ سے باہر جانا پڑا ہے۔ اس سے قبل سڈنی سکسر کے خلاف ہونے والے مقابلے میں ایک فیلڈر کا تھرو ان کے سر پر لگ گیا تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم کی ہیلمٹ پر ٹم ساؤدی کی گیند لگی تھی اور انھیں ہسپتال لے جایا گيا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بہر حال سٹرائکرز کے خلاف ہونے والے میچ میں رینیگیڈز کی ٹیم چھ رنز سے کامیاب رہی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ايڈلیڈ اوول میں ہونے والے میچ میں رینیگیڈز نے مقررہ 20 اوورز میں 171 رنز بنائے جس میں مارکس ہیرس نے سب سے زیادہ 85 رنز سکور کیے۔
اگرچہ نیول کو میچ ختم ہونے کے تھوڑی دیر بعد یہ کہتے ہوئے ہسپتال سے رخصت کر دیا گیا کہ ان کے سر میں کوئی چوٹ نہیں ہے۔
بہر حال بعد میں یہ کہا گیا کہ اب وہ رینیگیڈز کے لیے دستیاب نہیں ہیں کرکٹ نیوساؤتھ ویلز کا طبی عملہ آئندہ ہفتوں میں ان کا معائنہ کرے گا۔





















