چوتھے ون ڈے میں آ‎سٹریلیا نے انڈیا کو شکست دے دی

روہت شرما
،تصویر کا کیپشنروہت شرما دنیا کے ایسے پہلے باز بن گئے ہیں جس نے آسٹریلوی ٹیم کے خلاف انٹرنیشنل ونڈے میں 50 چھکے مارے ہوں
وقت اشاعت

انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان بنگلور کے ایم چینّا سوامی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے انڈيا کو 21 رنز سے شکست دے دی۔

انڈیا کو جیت کے لیے مقررہ 50 اووروں میں 335 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن انڈین ٹیم 8 وکٹ پر 313 رنز ہی بنا سکی۔

تین مسلسل ون ڈے میچوں میں شکست کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے جمعرات کو انڈيا کے خلاف جیت حاصل کی۔

پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے تین میچ جیت کر انڈین ٹیم سیریز پہلے ہی اپنے نام کرچکی ہے۔

گذشتہ رات ہار کی وجہ سے انڈیم ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اپنی قیادت میں مسلسل 10 ون ڈے میچوں میں جیت کا ریکارڈ نہیں بنا سکے۔

ڈیوڈ وارنر
،تصویر کا کیپشنڈیوڈ وارنر نے 119 گیندوں پر 124 رنز سکور کیے

انڈيا کی طرف سے اس میچ میں اجنکیا رہانے نے 53 رنز بنائے جبکہ روہت شرما نے 65 رنز کی اچھی اننگ کھیلی۔

روہت شرما نے اپنی اننگز میں پانچ چھکے مارے۔ اس کے ساتھ ہی وہ دنیا کے ایسے پہلے باز بن گئے جس نے آسٹریلوی ٹیم کے خلاف انٹرنیشنل ونڈے میں 50 چھکے مارے ہوں۔

کیدار جادھو نے بھی 69 گیندوں میں 67 رنز بنائے لیکن مڈل آرڈر کے بلے باز وکٹ پر ٹک کر کھیلنے میں نا کام رہے۔

اس سے قبل آ‎سٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اووروں میں 334 رنز سکور کیے۔

آ‎سٹریلوی بلے باز آئرن فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے پہلے وکٹ کے لیے 231 رنز کی پارٹنر شپ کی۔

فنچ نے 96 گیندوں پر 94 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 119 گیندوں پر 124 رنز سکور کیے۔

انڈین بولر امیش یادو نے اپنے 10 اوورز میں 71 رنز دیکر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔