آخری وقت اشاعت:  جمعرات, 14 جنوری, 2010, 13:39 GMT 18:39 PST

جوہانسبرگ:ڈیل سٹین کی تباہ کن بالنگ

جوہانسبرگ ٹیسٹ کا پہلا دن

جوہانسبرگ میں چوتھے ٹیسٹ کے پہلے دن انگلینڈ کو پہلی اننگز میں ایک سو اسّی رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے انتیس رن بنا لیے ہیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے گریم سمتھ اور ایشول پرنس نے اننگز کا آغاز کیا ہے اور کھیل کے اختتام تک محتاط انداز میں بلے بازی کی۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اس سے قبل جب انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو یہ فیصلہ صحیح ثابت نہ ہو سکا اور دوسرے ہی اوور میں اس کی دو وکٹیں گر گئیں۔

آؤٹ ہونے والے پہلے انگلش کھلاڑی انگلینڈ کے کپتان اور اوپنر اینڈریو سٹراؤس تھے جو میچ کی پہلی ہی گیند پر ہاشم آملہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہیں ڈیل سٹین نے پویلین کی راہ دکھائی۔ دوسری انگلش وکٹ سات کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب مورکل نے ٹراٹ کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

ٹراٹ

ٹراٹ مورکل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے

تیسری انگلش وکٹ بتیس کے مجموعی سکور پرگری۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کیون پیٹرسن کو مورکل نے پارنل کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی الیسٹر کک تھے جنہیں مورکل نے ہی ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس وقت انگلینڈ کا سکور انتالیس رنز تھا۔

پانچویں وکٹ کے لیے ایئن بیل اور پال کالنگ وڈ کے درمیان چھہتّر رن کی شراکت ہوئی۔ تاہم اس شراکت کے بعد پال کالنگ وڈ سینتالیس رنز بنا کر میکلارن کا پہلا شکار بنے۔ بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے انگلش وکٹیں گرتی رہیں۔

انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی گریم سوان تھے جو ڈیل سٹین کا پانچواں شکار بنے۔ جیمز اینڈرسن چھ رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین نے پانچ، ایم مورکل نے تین جبکہ ژاک کیلس اور میکلارن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

خیال رہے کہ چار میچوں کی اس ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کے دوران سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ بے نتیجہ رہے تھے تاہم ڈربن ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ایک اننگز اور اٹھانوے رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

[an error occurred while processing this directive]

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔