آخری وقت اشاعت:  پير 28 فروری 2011 ,‭ 15:48 GMT 20:48 PST

روچ کی ہیٹ ٹرک، ویسٹ انڈیز فاتح

100500


100500


تازہ ترین سکور اور گروپ ٹیبلز کے لیے آپ کے پاس جاواسکرپٹ ہونا چاہیئے

کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کے گروپ بی میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے نیدرلینڈز کو دو سو پندرہ رن سے شکست دے دی ہے۔

اس فتح کی خاص بات ویسٹ انڈین فاسٹ بولر کیمار روچ کی چھ وکٹیں تھیں جن میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔ انہوں نے میچ کے بتیسویں اوور میں سیلار، لوٹس اور ویسٹجک کو آؤٹ کر کے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔

کلِک ویسٹ انڈیز اور نیدرلینڈز آمنے سامنے: تصاویر

کیمار روچ نے ستائیس رنز کے عوض چھ وکٹیں لیں

انہیں اس کارنامے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یہ ورلڈ کپ مقابلوں میں ہونے والی چھٹی ہیٹ ٹرک ہے۔

بھارتی دارالحکومت نئی دلّی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو ویسٹ انڈینز نے مقررہ پچاس اوور میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر تین سو تیس رن بنائے۔

تین سو اکتیس رن کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم بتیسویں اوور میں ایک سو پندرہ رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نیدرلینڈز کی جانب سے کوپر نے نصف سنچری سکور کی، وہ پچپن رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ ایک روزہ میچوں میں ان کی چھٹی نصف سنچری تھی۔

ورلڈ کپ کی ہیٹ ٹرکس

  • 1983، چیتن شرما، بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ
  • 1999، ثقلین مشتاق، پاکستان بمقابلہ زمبابوے
  • 2003، چمندا واس، سری لنکا بمقابلہ بنگلہ دیش
  • 2003، بریٹ لی، آسٹریلیا بمقابلہ کینیا
  • 2007 ،لستھ ملنگا، سری لنکا بمقابلہ جنوبی افریقہ
  • 2011، کیمار روچ، ویسٹ انڈیز بمقابلہ نیدرلینڈز

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ کی چھ وکٹوں کے علاوہ سپنر سلیمان بین نے تین اور ڈیرن سیمی نے ایک وکٹ حاصل کی

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوپنرز ڈیون سمتھ اور کرس گیل نے سنچری شراکت قائم کی۔کرس گیل اسّی رن کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔گیل کے علاوہ مڈل آرڈر میں کیرن پولارڈ نے چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے صرف تیئیس گیندوں پر نصف سنچری بنائی۔

یہ اس ورلڈ کپ کی تیز ترین نصف سنچری ہے۔ پولارڈ ساٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نیدرلینڈز کی جانب سے سیلار تین وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر رہے۔

اس میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کو آل راؤنڈر ڈووین براوو کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔ براوو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں زخمی ہوگئے تھے اور انہیں اب واپس ویسٹ انڈیز بھیج دیا گیا ہے۔ براوو کی جگہ نکتا ملر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پولارڈ نے ورلڈ کپ کی تیز ترین نصف سنچری بنائی

نیدرلینڈز نے اس میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

یہ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ تھا۔ ویسٹ انڈیز کو پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی جبکہ نیدرلینڈز کو انگلینڈ نے چھ وکٹوں سے ہرایا تھا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم: کرس گیل، ڈیوون سمتھ، ڈیرن براوو، رام نریش سروان، شیونرائن چندرپال، نکتا ملر، کیرن پولارڈ، ڈیرن سیمی، ڈی تھامس، کیمار روچ اور سلیمان بین

ہالینڈ کی ٹیم: اے این کرویزی، ڈبلیو بریسی، ٹی ایل کوپر، آر این ڈوشکاٹے، بی زیوڈرنٹ، ٹی این گرووتھ، پی ڈبلیو بورن، مدثر بخاری، پی ایم سیلار، بی پی لوٹس اور بی اے ویسٹجک۔

[an error occurred while processing this directive]

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔